خان یونس میں 48 گھنٹوں میں 129 فلسطینی شہید، 416 زخمی

فاران: غزہ کی پٹی میں سرکاری میڈیا کے دفتر نےبتایا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس پر مسلسل 48 گھنٹوں سے اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 129 فلسطینی شہید اور 416 زخمی ہوچکے ہیں، جب کہ 100 سے […]

فاران: غزہ کی پٹی میں سرکاری میڈیا کے دفتر نےبتایا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس پر مسلسل 48 گھنٹوں سے اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 129 فلسطینی شہید اور 416 زخمی ہوچکے ہیں، جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔ جو ابھی تک ہسپتال نہیں پہنچے۔

سرکاری پریس ریلیز کی ایک نقل  مرکزاطلاعات فلسطین کو موصول ہوئی ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ قابض فوج خان یونس میں صلاح الدین اسٹریٹ پر آنے والی ہر چیز کو نشانہ بناتی ہے۔ زخمیوں اور شہداء تک پہنچنے کے لیے رابطہ کاری کی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج نقل مکانی اور انسانی جغرافیہ کی تشکیل نو کے حوالے سے انسانیت کے خلاف جرم کو اس طرح دہرا رہی ہے جس سے لاکھوں زخمیوں، بیماروں، حاملہ خواتین، بچوں، بوڑھوں اور لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

بیان میں خان یونس گورنری کے مشرق میں شہریوں اور بے گھر ہونے والے لوگوں کے خلاف مسلسل ہولناک قتل عام کی مذمت کی گئی۔ بیان میں صہیونی فوج کو شہریوں کے خلاف قتل عام کے تسلسل اور سینکڑوں جانوں کے ضیاع کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے غزہ میں قتل عام کے تسلسل پرامریکہ کو بھی برابر کا مجرم قرار دیا۔