صہیونی حکومت کا ہر میدان میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا: استقامتی گروہ

فلسطینی استقامتی گروہوں نے ایک بیان میں مختلف علاقوں خاص طور سے جنین میں فلسطینی عوام کی استقامت کی قدردانی کی ۔

فاران: استقامتی گروہوں کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنین کے عوام کا انقلاب صیہونی حکومت کی جارحیت اور زور زبردستی کا مقابلہ کرنے کے لئے ہے اور ابھی حال ہی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کا قتل عام نہایت بےحسی و بےدردی سے جاری ہے اور یہ ایسا جرم ہے جسے صیہونی حکومت کے فوجی ہر روز انجام دے رہے ہیں، تاہم صیہونی حکومت کے خلاف ہر میدان میں کارروائی تیز کرکے اس کا جواب دیا جائے گا۔

استقامتی گروہوں نے بعض اسلامی اور عرب حکومتوں نیز نام نہاد فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں شہادت پسندانہ کارروائیوں کی مذمت کو یکسرمسترد کردتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس طرح کے موقف سے مسلم امہ اور مسلم حکومتوں کے عزم و ارادے کی عکاسی نہیں ہوتی۔

اس درمیان اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بدھ کو ایک بیان جاری کرکے غاصب صیہونیوں کو قبلہ اول مسجد الاقصی کی بے حرمتی کے نتائج کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔

قدس کی غاصب صیہونی حکومت کے فوجی انسانیت سوز جرائم کے ساتھ ہی ماہ مبارک رمضان کے آغاز سے ہی مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے شہروں اور دیہی علاقوں سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کو گرفتار کر رہے ہیں۔