صہیونی فوجیوں کی گولی سے فلسطینی نوجوان شہید

مغربی کنارے میں صہیونی فوجیوں کی گولی لگنے کے نتیجے میں آج ایک فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔

فاران: نابلس کے شمال مغرب میں واقع علاقے “برقہ” سے تعلق رکھنے والا “احمد حکمت سیف” (23 سال) نامی نوجوان چند روز قبل صیہونی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران زخمی ہو گیا تھا اور آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
برقہ کے علاقے میں فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں نکالی گئی ریلی کو دبانے کے لیے اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین گولیاں اس فلسطینی نوجوان کے بدن میں پیوست ہوئیں اور اسے فورا ہسپتال پہنچایا گیا۔ تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے یہ نوجوان آج صبح جام شہادت نوش کر گیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکمت سیف کی شہادت ایسے حال میں ہوئی ہے کہ گزشتہ اتوار کی شب مشرقی بیت المقدس میں صیہونیوں کی گولی سے ایک 16 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا تھا۔