یمن پر امریکی حملے پر حوثیوں کی جوابی کاروائی

یمنی فوج نے 18 میزائل اور ڈرونز سے امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنایا

فاران: امریکہ کی جانب سے گزشتہ رات یمن کے مختلف صوبوں پر حملوں کے جواب میں، صنعا کی مسلح افواج نے 18 میزائل اور ڈرونز داغ کر ایک امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنایا۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے ترجمان، بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے آج، اتوار کے روز اعلان کیا کہ امریکہ نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران یمن پر 47 سے زائد فضائی حملے کیے۔
یحییٰ سریع کے مطابق، یہ حملے صنعاء، صعدہ، البیضاء، حجہ، ذمار، مأرب اور الجوف صوبوں میں مختلف مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے، جن کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔

31 شہادتیں، 101 زخمی اور امریکی جھوٹ

آج صبح کے وقت، صنعاء اور صعدہ کے کئی علاقوں کو امریکی جنگی طیاروں نے بمباری کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد شہید اور 101 زخمی ہوئے۔
صنعاء کی حکومت نے آج صبح واضح طور پر اعلان کیا کہ امریکہ کا یہ دعویٰ کہ اس نے صرف فوجی مراکز پر حملہ کیا ہے، سراسر جھوٹ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، اور حملے کے بعد زخمی اور شہداء کی تصاویر اس حقیقت کو ثابت کرتی ہیں۔
دوسری جانب، امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ یمن پر حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ “حوثی” امریکہ کے بحری جہازوں پر حملے روکنے اور امریکیوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے سے باز رہنے کا وعدہ نہیں کرتے۔
امریکی وزیر دفاع، پِیٹ ہگزتھ نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثیوں کی حمایت بند کرے۔ انہوں نے ABC نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا: “ایران کو واضح طور پر امریکی صدر کا پیغام سمجھ لینا چاہیے۔ امریکہ ایرانی اثاثوں کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، اگر وہ حوثیوں کی مدد سے جڑے ہوئے ہوں۔”

یمنی جوابی کارروائی – “یو ایس ایس ٹرومین” پر میزائل اور ڈرون حملے

یحییٰ سریع نے مزید کہا کہ یمنی مسلح افواج نے امریکہ کے حملوں کے جواب میں، شمالی بحیرہ احمر میں امریکی بحری بیڑے “یو ایس ایس ٹرومین” کو 18 میزائل اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
انہوں نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا:
“یمنی مسلح افواج، بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں امریکی جنگی ساز و سامان پر حملے کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں دکھائیں گی۔ جب تک غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل یقینی نہیں ہو جاتی، اسرائیلی دشمن کی بحری ناکہ بندی جاری رہے گی۔”
یحییٰ سریع نے آخر میں زور دے کر کہا کہ امریکہ کے حملے، یمنی عوام کے عزم، ایمان اور استقامت کو مزید مضبوط کریں گے۔