اردن کا غزہ میں فیلڈ ہسپتال کو پیراشوٹ کے ذریعے امداد پہنچانے کا اعلان

اردن کی حکومت نے اعلان کیا کہ اس کے فوجی طیارے نے کل نصف شب کے بعد غزہ کی پٹی میں اردن کے فیلڈ ہسپتال میں فوری طبی امداد بھیجی ہے۔

فاران: اردن کی حکومت نے اعلان کیا کہ اس کے فوجی طیارے نے کل نصف شب کے بعد غزہ کی پٹی میں اردن کے فیلڈ ہسپتال میں فوری طبی امداد بھیجی ہے۔

 

اردنی شاہ عبداللہ دوم نے کہا کہ اردنی فضائیہ غزہ کی پٹی میں اردنی فیلڈ ہسپتال کو فوری طبی امداد پہنچانے میں کامیاب رہی۔

 

انہوں نے “ایکس” پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ پر ایک بلاگ پوسٹ میں مزید کہا کہ یہ قدم ان زخمیوں اور مریضوں کے لیے ان کے ملک کے فرض کی عکاسی کرتا ہے جو غزہ کی جنگ کے نتیجے میں مصائب کا شکار ہیں۔ اردن ان سب فلسطینی کی سب سے قریبی حمایت اور مدد جاری رکھے گا۔

 

اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اردن کی مسلح افواج کی جنرل کمان کے ایک فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ رائل ایئر فورس کے ایک طیارے نے پیراشوٹ کے ساتھ فوری طبی امداد غزہ میں اردن کے فیلڈ ہسپتال میں اس وقت گرائی جب اس کی رسد ختم ہونے والی تھی۔

 

ذرائع نے وضاحت کی کہ اردن کا فیلڈ ہسپتال غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے کام جاری رکھے گا باوجود اس کے کہ اسے سامان کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

 

غزہ میں اردنی فیلڈ ہسپتال جو 2009 میں قائم کیا گیا تھا اور اردنی فوج سے وابستہ ہے۔ اس میں روزانہ 1,000 سے 1,200 کے درمیان مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

 

اردن کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے کل 35 میں سے 16 ہسپتالوں میں بمباری کی وجہ سے یا ان کے جنریٹروں کو چلانے کے لیے ایندھن کی کمی کی وجہ سے سروس بند ہے۔