لبنان کا عالمی برادری سے مطالبہ، لبنان کی سرزمین پر صہیونی جارحیت بند کروائیں

لبنان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لبنان کی سرزمین پر اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
فاران؛ لبنان کے قائم مقام وزیراعظم حسان دیاب نے جمعہ کے روز ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر لبنان پر فضائی حملے روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان کی خود مختاری کی بار بار خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ عالمی برادری صہیونی ریاست کو لبنان پر حملے روکنے کے لیے تل ابیب پر دباؤ ڈالے۔
حسان دیاب نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان پر حملے اقوام متحدہ کی جنگ بندی سے متعلق قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی اور لبنان کی سالمیت اور خود مختاری کو پامال کرنے کی کوشش ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں جب کہ دوسری طرف لبنان حزب اللہ نے اسرائیلی ریاست کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔