غزہ: خان یونس کے مغرب سے 13 شہداء کی لاشیں برآمد
فاران: غزہ کی پٹی میں شہری دفاع نے اتوار کے روز کہا ہے کہ اس نے “جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مغرب میں واقع الامل محلے سے 13 شہداء کی لاشیں برآمد کی ہیں۔ ان میں سے بیشتر کے ہاتھ بندھےہوئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہےکہ انہیں گرفتار کرنے کے بعد تشدد کرکے شہید کیا گیا”۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اتوار کو غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے شمالی نصیرات میں ایک گاڑی کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوئے تھے۔
جب کہ قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاہیا شہر کے مغربی علاقوں پر بمباری کی۔
اسرائیلی قابض فوج نے امریکی اور یورپی حمایت سے مسلسل 205ویں روز بھی غزہ کی پٹی کے خلاف اپنی جارحیت جاری رکھی ہے
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ پر قابض فوج کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں 34,454 شہید اور 77,575 دیگر زخمی ہوئے، اس کے علاوہ اس پٹی سے تقریباً 1.7 ملین افراد بے گھر ہوئے۔













تبصرہ کریں