یمن نے اسرائیل کو درہم برہم کر دیا ہے
فاران: یمنی مسلح افواج نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں میزائل حملوں سے صیہونیوں کی روزمرہ زندگی کو درہم برہم کر دیا، پروازیں منسوخ کر دیں اور تقریباً 20 لاکھ اسرائیلیوں کو پناہ گاہوں میں بھیج دیا۔
اسرائیلی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ یمنی میزائل حملے کے نتیجے میں پناہ گاہوں میں بھاگتے ہوئے 13 اسرائیلی زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ یمن سے بیلسٹک میزائل کے داغنے سے مقبوضہ بیت المقدس اور تل ابیب کے بڑے علاقوں میں انتباہی سائرن بج گئے جس سے تقریباً 20 لاکھ صہیونیوں کو پناہ گاہوں میں بھاگنا پڑا۔
میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی کہ جب انتباہی سائرن کو چالو کیا گیا تو نیتن یاہو، جو 2025 کے بجٹ کی منظوری پر بحث کے لیے کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمنٹ) میں تھے، ایک بنکر کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوئے۔
اسرائیل کے چینل 12 نے اطلاع دی ہے کہ نیتن یاہو نے پناہ گاہ میں بھاگتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حوثی ان حملوں کی قیمت ادا کریں گے۔
چینل 12 نے مزید کہا کہ ایک طیارہ، جس نے لندن سے ٹیک آف کیا تھا اور لینڈنگ سے چند منٹ کے فاصلے پر تھا، انتباہی سائرن بجنے کے بعد راستہ بدلنے پر مجبور ہوا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یمنی میزائل حملوں کے نتیجے میں بن گوریون ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
چند گھنٹے قبل یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا تھا کہ یمن نے فلسطین-2 سپرسونک بیلسٹک میزائل سے مقبوضہ فلسطین میں بن گوریون ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
یمنی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ احمر اور بحیرہ روم میں اسرائیلی بحری جہازوں کے خلاف حملے اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک غزہ پر اسرائیلی جارحیت بند نہیں ہو جاتی۔
صیہونی حکومت کے اندر گہرائی تک یمن کا میزائل حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ نے برطانیہ کے ساتھ مل کر حالیہ دنوں میں یمن کے مختلف علاقوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔
تبصرہ کریں