اگر فلسطین کے پڑوسی ہوتے تو اسرائیل کا کام کر دیتے۔۔۔ محمد البخیتی

یمن کی تحریک انصار اللہ کے مرکزی رکن نے فلسطینی عوام پر صہیونی ریاست کے حملوں پر عرب ممالک کی انفعالیت پر کڑی تنقید کی اور کہا: اگر یمن فلسطین کا پڑوسی ملک ہوتا تو یمنی عوام اسرائیل کا کام تمام کر دیتے۔

فاران: یمن کی تحریک انصار اللہ کے سینیئر رکن محمد البخیتی نے بدھ [20 دسمبر 2023ع‍] کو الجزیرہ سے براہ راست نشر ہونے والی بات چیت میں صہیونی ریاست کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی حمایت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: فلسطینی عوام کا قتل عام ہو رہا ہے، انہیں شدید ترین محاصرے کا سامنا ہے، وہاں سب بھوکے پیاسے ہیں اور عین ممکن ہے کہ اس شدید محاصرے کے جاری رہنے کے نتیجے میں ہزاراوں فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں، چنانچہ تمام عرب ممالک پر لازم ہے کہ فلسطینی عوام کے نجات دلانے کے لئے سرگرم ہو جائیں۔
انھوں نے کہا: اگر ہم فلسطینی عوام کی نجات کے لئے فعال ہوجائیں تو یقینا ہم میں سے کئی لوگ قربان ہو جائیں گے، اور ہم نے جب اس سلسلے میں فلسطینیوں کا قتل عام بند کرانے اور محاصرہ توڑنے کے لئے راست اقدام کرنے کا فیصلہ کیا، تو اس کا مطلب تھا کہ ہم اس راہ میں قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔
انھوں نے تل ابیب کے ساتھ مصر اور اردن جیسے ممالک کے امن معاہدوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا: مصری افواج کو فلسطینیوں کی نجات کے لئے اقدام کرنا چاہئے، کیونکہ امن معاہدے فلسطینی عوام کے قتل عام پر خاموش رہنے کا جواز نہیں ہیں۔
انھوں نے مزید کہا: اگر یمن فلسطین کا پڑوسی ملک ہوتا تو ہم اپنے فلسطینی بھائیوں سے کہتے کہ آپ یمن آجایئے اور ہم فلسطین میں داخل ہونگے، اور یوں ہم صہیونی ریاست کا کام تمام کر دیتے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
واضح رہے کہ یمن کی فوج نے غزہ کی پٹی پر صہیونی جارحیت میں شدت آنے کے بعد جنوبی فلسطین میں صہیونیوں کی ایلات بندرگاہ کو درجنوں بار میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا اور فلسطینی عوام کی حمایت میں کئی صہیونی جہازوں کو ضبط کیا، اور آبنائے باب المندب سے مقبوضہ فلسطین جانے والے جہازوں کو نہیں گذرنے دیا، یہاں تک کہ امریکہ نے ایک اتحاد بنا کر باب المندب میں یمنی افواج کی کاروائیاں روکنے کا اعلان کیا، تو بعض مبصرین نے کہا:
یہ امریکہ وہ جن ہے جو چراغ کے بجائے لوٹے میں چھپا ہؤا تھا اور باہر آیا تو لوٹے کے مالک نے ایک قصر مرمریں کا مطالبہ کیا، تو لوٹے سے نکلنے والے جن نے کہا: اگر میں تمہیں قصر مرمریں دینے کی صلاحیت رکھتا تو کیا لوٹے میں بسیرا کرتا؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔