شام پر صہیونی ریاست کے حملے میں ۳ فوجی شہید اور ۳ زخمی

شام نے دمشق اور طرطوس کے نواحی علاقوں پر صیہونی ریاست کے کل رات کے حملے میں تین فوجیوں کے شہید اور تین دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

فاران: شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے اعلان کیا ہے کہ دمشق اور طرطوس کے مضافات میں صیہونی حکومت کی جارحیت کے نتیجے میں 3 فوجی شہید اور 3 زخمی ہوئے ہیں جبکہ مادی نقصان بھی ہوا ہے۔

ایک فوجی ذریعے نے شامی خبر رساں ایجنسی “سنا” کو بتایا کہ کل (اتوار) تقریباً 20:50 پر اسرائیلی دشمن نے لبنانی فضائی حدود اور بیروت کے جنوب مشرق کی جانب سے دمشق کے نواحی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ساتھ ہی ساتھ سمندری حدود سے اس نے ساحلی شہر طرطوس کے جنوب میں بھی کچھ مقامات پر حملہ کیا۔
اس ذریعے نے مزید کہا: شام کے فضائی دفاع نے جارح میزائلوں کا مقابلہ کیا اور ان میں سے کچھ کو مار گرایا۔ اس جارحیت کے نتیجے میں تین فوجی شہید، تین دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ خاصا مالی نقصان بھی ہوا ہے۔
العالم کے رپورٹر نے گزشتہ شب (اتوار) کو اطلاع دی ہے کہ صہیونی جنگجوؤں نے ساحلی شہر طرطوس کے جنوب میں واقع ریڈار کے علاقے پر میزائل داغے جس کے بعد ایمبولینسز اور ریسکیو فورسز کو علاقے میں بھیج دیا گیا۔
العالم کے رپورٹر نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ طرطوس کے آسمان میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں کہا: شام کے فضائی دفاع نے طرطوس کے آسمان میں دشمن کے اہداف کا مقابلہ کیا ہے۔