طوفان الاقصٰی؛

طوفان الاقصٰی کا بتیسواں دن | غاصب صہیونی کے ہاتھوں اب تک 4237 بچوں سمیت 10328 فلسطینی شہید / شدید فضائی بمباری اور توپخانے کی گولہ باری

غزہ پر غاصب صہیونی ریاست کے حملوں میں اب تک بچوں اور خواتین سمیت 10000 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، پوری دنیا کے حریت پسند انسان، اور متعدد حکومتیں جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن غاصب ریاست امریکہ کی حمایت میں اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ 

فاران: غزہ پر غاصب صہیونی ریاست کے حملوں میں اب تک بچوں اور خواتین سمیت 10000 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، پوری دنیا کے حریت پسند انسان، اور متعدد حکومتیں جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن غاصب ریاست امریکہ کی حمایت میں اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

ادھر فلسطینی مقاومت غزہ پر بہیمانہ بمباری کے جواب میں، مقبوضہ فلسطین کے اندر صہیونیوں کے شہروں کو میزائلوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ غزہ میں صہیونی فوج کی جنگ بہت سستی سے آگے بڑھ رہی ہے اور مقاومت کے مجاہدین نے گھات لگا کر درجنوں صہیونیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

لمحہ بہ لمحہ قدم بہ قدم طوفان الاقصٰی کے بتیسویں دن کے واقعات کے ساتھ:

23:39 | اردن اور مصر میں انقلاب کا امکان

اردن اور مصر پہلے عرب ممالک تھے جنہوں نے غاصب صہیونی ریاست کو تسلیم کیا۔ اب طوفان الاقصٰی کے بعد غزہ کے معاملے میں ان دو ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی، کے اثرات سر اٹھانے لگے ہیں۔ جنگ کے اثرات کا پڑوسی ملکوں میں سرایت کرنا، بھی تو فطری امر ہے، اور دونوں ممالک کی معاشی حالت بھی بہت ناگفتہ بہ ہے، چنانچہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان دونوں ملکوں میں عوامی انقلاب کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

23:23 | امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے واشنگٹن کو غزہ کے قتل عام سے بری الذمہ قرار دلوانے کی کوشش کرتے ہوئے خالی خولی تجویز دی ہے کہ یا تو اسرائیل غزہ سے غیر مشروط طور پر پسپا ہو جائے یا پھر ایک سیاسی ڈھانچے سے اتفاق کرے جو اس کی پسپائی پر منتج ہو!

– ظاہری حمایت کے باوجود امریکی حکومت اسرائیل کی کارکردگی سے نالاں ہے، اور مقاومت کی کارکردگی سے حیرت زدہ ہے، بظاہر وہ صہیونی ریاست کو بچانا چاہتی ہے۔

– لیکن حالات و واقعات سے معلوم ہوتا ہے کہ صہیونی ریاست اس تجویز کو مسترد کرے گی۔

22:58 | القدس بریگیڈز نے غزہ پر غاصب ریاست کی بمباری کے جواب میں مقبوضہ تل ابیب کے محلے غوش دان، نیز غزہ کے قریب سدیروت اور مفلاسیم کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔

22:54 | عراقی مقاومت کی حیرت انگیزیاں؛ سیکریٹری جنرل النجباء تحریک: مقاومت اسلامی عراق کے اسلحے کے گودام امریکہ اور اسرائیل کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔

22:47 | مقاومت کے مجاہدین نے مقبوضہ فلسطین میں غاصب صہیونیوں کے شہر رمات ہشارون پر میزائل برسائے۔

22:18 | غاصب صہیونی فوجی ترجمان: غزہ میں ہمیں وسیع پیمانے پر بکتر شکن راکٹ حملوں کا سامنا ہے۔

22:12 | العالم: تھوڑی دیر پہلے سات اسپتالوں پر غاصب صہیونیوں کی بمباری سے 13 فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے۔

22:08 | غاصب صہیونی ریاست کا وزیر اعظم نیتن یاہو کے سپنے: جب تک ہمارے قیدی واپس نہیں آئیں گے جنگ بند نہیں ہوگی۔ اور غزہ میں ایندھن نہیں پہنچنے دیں گے، ہم اس جنگ میں کامیاب ہونگے! ہم غزہ میں ایسے مقامات تک پہنچے ہیں جن کی حماس کو توقع نہیں تھی۔ عالمی برادری [یعنی امریکہ اور یورپ] جانے لے کہ یہ جنگ ان کی جنگ بھی ہے اور اگر ہم کامیاب نہ ہوئے تو ان کی باری بھی آئے گی۔ [جھوٹا صہیونی یہ نہیں کہتا کہ قیدیوں کے تبادلے میں وہ خود رکاوٹ ہے اور اس کے گماشتے غزہ کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں]۔

21:47 | القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ: ہمارے مجاہدین نے 24 گھنٹوں میں الشاطیء کیمپ کے قریب غاصب صہیونیوں کی 15 فوجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔ صہیونی فوجیوں کو درجنوں مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا، اور مختلف محاذوں پر شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

21:40 | یمنی مسلح افواج نے صہیونی ریاست پر کل کے میزائل حملوں کی ویڈیو جاری کر دی۔

21:11 | عراق کی اسلامی مقاومت: ہم نے عراق اور شام میں قابض امریکیوں کے اڈوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، شام کے شہر دیرالزور کے نواح میں کونیکو گیس فیلڈ میں واقع ایک امریکی اڈے کو نشانہ بنایا۔

19:55 | حزب اللہ لبنان کے نائب سیکریٹری جنرل: اسرائیل اور امریکہ اپنی جارحیت بند نہ کریں تو یہ جارحیت ایک ہمہ جہت علاقائی جنگ پر منتج ہو سکتی ہے۔

19:36 | مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں میں صہیونی ٹھکانوں پر میزائل حملہ۔

19:27 | مشرقی خان یونس میں غاصب صہیونی فوجیوں اور القدس بریگیڈ کے مجاہدین کے درمیان جھڑپیں، القدس بریگیڈ نے صہیونی گاڑیوں اور نفری پر مارٹر گولے برسائے۔

19:26 | امریکی-عراقی شہریت رکھنے والی بین الاقوامی برانڈ “ہدیٰ بیوٹی” کی بانی،  ہدیٰ قحطان نے غزہ کے عوام کو دس لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا۔ اور سوشل میڈیا پر اپنے لکھا: ایک درد و رنج سے بھرپور مہینہ غزہ کے عوام پر گذرا، بدقسمتی سے حالات بدتر ہو رہے ہیں، اہم بات یہ ہے کہ ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہو جائیں اور اپنے ذرائع ابلاغ کو ناانصافیوں کے عیاں کر دیں۔

19:24 | غاصب ریاست غزہ پر پانی بند کرکے عوامی مزآحمت کو توڑنا چاہتی ہے لیکن غزہ کے عوام سمندری پانی میں شکر ڈال کر، پیاس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

19:10 | ایک فلسطینی شہری ـ جن کا گھر صہیونی بمباری میں تباہ ہؤا تھا ـ نے نامہ نگاروں سے کہا: ہم بھی اور ہمارے بچے بھی مقاومت کے فدائی ہیں۔

18:38 | اسدود پر مقاومت کا میزائل حملہ۔

18:22 | المعمدانی اسپتال غزہ پٹی کا سب سے پرانا اسپتال ہے، غاصب صہیونی ریاست کی تاریخ سے بھی زیادہ پرانا، اس کی بنیاد 1904 میں رکھی گئی تھی۔ جبکہ غاصب ریاست کی بنیاد برطانیہ، امریکہ اور اقوام متحدہ نے 1948ع‍ میں رکھی ہے؛ غاصب صہیونی ریاست نے 17 اکتوبر 2023ع‍ اس اسپتال پر امریکی ساختہ بم گرا کر تباہ کر دیا، اور 500 فلسطینیوں کو یکجا شہید کر دیا۔

18:19 | ایک فلسطینی نوجوان، قرآن مجید ہاتھ میں لے کر تباہ شدہ گھر کے ملبے سے باہر آیا۔

18:07 | مقبوضہ جولان کے شہر مجدل الشمس پر مقاومت کا میزائل حملہ؛ ادھر حزب اللہ لبنان نے شمالی فلسطین میں الجلیل کے قریب صہیونی ٹھکانوں پر میزائل داغے۔

17:35 | غزہ کے علاقے دارالبلح پر غاصب صہیونیوں کی بمباری میں درجنوں فلسطین شہید اور زخمی۔

17:33 | العالم: غاصب صہیونی ریاست سے وابستہ ذرائع ابلاغ ایسے حال میں غزہ پر قبضے اور حماس کی برطرفی کی شیخیاں شائع کر رہے ہیں کہ اس کی فوج ابھی تک غزہ میں دو کلومیٹر تک بھی پیشقدمی نہیں کر سکی ہے۔

17:19 | عراقی صدر دھڑے کے راہنما سید مقتدیٰ صدر نے قرآنی آیات سے استناد کرکے غاصب صہیونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو فرعون سے تشبیہ دی اور صہیونیوں کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: صہیونی ریاست کا زوال بہت قریب ہے۔

16:28 | القسام بریگیڈز نے الشاطیء کیمپ میں ایک اور بیت حانون کے شمال میں بھی ایک ٹینک یاسین-105 راکٹ سے تباہ کر دیا۔ یوں منگل کی صبح سے اس وقت 12 صہیونی ٹینک تباہ ہو گئے ہیں۔

16:04 | عراقی اسلامی مقاومت: ہمارے مجاہدین نے شام کے اندر امریکی قابضوں کے ایک فوجی اڈے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔

15:57 | وزارت صحت، غزہ: غاصب صیونیوں کی جارحیت سے اب تک غزہ میں 4237 بچوں سمیت 10328 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ وزارت بهداشت غزه از شهادت ۱۰۳۲۸ نفر از جمله ۴۲۳۷ کودک از ابتدای جنگ تجاوزکارانه رژیم صهیونیستی علیه غزه تاکنون خبر داد.

14:46 | روسی وزارت خارجہ کی ترجمان، ماریا زاخارووا: صہیونی وزیر نے “غزہ پر صہیونی ایٹمی حملے” کی بات کی ہے، اور صہیونیوں کے ایٹم بموں کے ذخائر کے بارے میں نئے سوالات اٹھے ہیں!

14:38 | صہیونی صرف یہودی اور عیسائی نہیں ہوتے، مسلمان صہیونیوں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔ ایک اردنی صہیونی نے کہا: اگر عراقی رضاکاروں نے اسرائیل کے خلاف لڑنے کے لئے اردن میں داخل ہوئے تو میں اردن کو ان کا قبرستان بنا دوں گا۔

14:06 | سی این این: سلامتی کونسل غزہ پر لڑی جانے والی جنگ کے خاتمے کی قرارداد کی منظوری میں ناکام رہی۔

13:48 | غزہ میں دراندازی کرنے والے صہیونی فوجیوں پر القسام بریگیڈز کی بھاری مارٹر گنوں سے حملہ۔

13:44 |  ہسپانوی وزیر: ہمیں نیتن یاہو سے کہنا چاہئے، کہ تو ایک مجرم ہے، اور ہم تجھ سے کسی قسم کا تعلق نہیں چاہتے۔

13:13 | خاتون فلسطینی وکیل دانہ السقا نے اس سال کے آغاز میں ڈینٹل سرجن توفیق الفراء سے شادی کی تھی اور وہ بچے کی پیدائش کے منتظر تھے لیکن غاصب صہیونی نے انہیں شہید کر دیا۔

12:37 | کچھ حکمرانوں کی خفت مثال زدنی ہوتی ہے؛ جرمن بحریہ کے کمانڈر نے، مقبوضہ فلسطین میں صہیونی دارالحکومت پہنچ کر غاصب صہیونی فوجیوں کو خون کا عطیہ دیا؛ جبکہ غاصب صہیونی فوجیوں اب تک غزہ کے ہزاروں نہتے باشندوں کے قتل عام کا ارتکاب کیا ہے۔

12:34 | غاصب ریاست نے شمالی فلسطین میں واقع یہودی زمین چوروں کے قصبوں کے مکینوں کو ہدایت کی کہ ممکنہ حملوں کے باعث زندگی کے ایام پناہ گاہوں میں گذاریں۔

12:33 | بیت لحم کے جنوب میں واقع بیت فجار نامی قصبے میں صہیونی جلادوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے یوسف طقاطقہ کے جلوس جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

12:28 | UNRWA: غزہ کے عوام امداد سے محروم اور بے گھر ہیں اور انہیں اپنے گھروں کے باہر قتل کیا جا رہا ہے، اگر ان کی نقل مکانی پر اصرار کیا جائے تو یہ ایک الگ المیہ ہوگا۔

12:27 | قلندیا کے ایک علاقے میں ایک لڑکی نے سبز رنگ کا پرچم اٹھایا تو صہیونیوں نے اس گولی مار دی اور مارا پیٹا!!!

12:22 | انڈونیشیا اسپتال کے قریب تل الزعتر پر صہیونی غاصبوں کی بمباری۔

12:13 | غزہ پر صہیونی غاصبوں کی جارحیت سے اب تک 48 نامہ نگار شہید ہوگئے ہیں۔

12:11 | انڈونیشیا اسپتال کے قریب شیخ زاید عمارت پر صہیونی غاصبوں کی بمباری۔

11:49 | الشاطیء کیمپ میں داخلے کی کوشش کرنے والے صہیونیوں کے 3 ٹینکوں، ایک بکتربند گاڑی اور ایک بلڈوزر کو یاسین-105 راکٹ کے ذریعے تباہ کیا گیا۔

11:40 | مغربی کنارے پر سات اکتوبر سے اب کے غاصب صہیونیوں کے حملوں میں، 163 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

11:38 | ایرانی وزیر خارجہ: ریاض میں اگلی اسلامی سربراہی کانفرنس بہت اہم ہے اور ہم مصر کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے تیار ہیں۔ مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے بھی غزہ پر صہیونی جارحیت کے خاتمے اور فوری جنگ بندی کے حوالے سے دو طرفہ اور چند جانبہ مشاورتوں کی ضرورت پر زور دیا۔

11:09 | فلسطینی طبی عملے نے غزہ کے شہر خان یونس کے محلے شیخ رضوان میں ابو قادس خاندان پر غاصب صہیونیوں کے حملے کے شہداء اور زخمیوں کو ملبے سے باہر نکالا۔

10:59 | غزہ کے محلے الزیتون میں صلاح الدین روڈ پر صلاح الدین مسجد پر غاصب صہیونی فوج کی بمباری۔

10:58 | مغربی پٹی کے طولکرم کیمپ میں صہیونی غاصبوں کے ہاتھ وسیع ویرانیاں معرض وجود میں آئی ہیں۔ طولکرم کیمپ کا بنیادی ڈھانچہ صہیونیوں کے ہاتھ تباہ۔

10:27 | غزہ میں غاصب صہیونیوں کے جنگی جرائم کی مذمت میں لاہور ـ پاکستان کے میڈیکل طالبعلوں کا دھرنا۔

10:22 | الجزیرہ: غزہ کے خان یونس کے مشرق میں منطقۃ القرارہ کے ایک گھر پر صہیونی حملے میں کئی افراد زخمی۔

– شمالی غزہ میں صہیونی بمباری میں دو افراد شہید ہوگئے۔

– صہیونی ڈرون طیارے نے جنوبی لبنان کے مجیب ٹاؤن کو نشانہ بنایا۔

– خانو یونس پر صہیونی بماری میں 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔

– فلسطینی نامہ نگار یحییٰ ابومنبع صہیونی بمباری میں شہید۔

10:20 | مصری عالم دین محمد حشان: فلسطینی قوم باعزت طریقے سے اپنا دفاع کررہی ہے، پوری طاقت سے داخل ہوکر فلسطینیوں کا قتل عام بند کرنا چاہئے۔ اور ہر ممکن طریقے سے ان کی مدد کرنا چاہئے، خدا ان لوگوں کو خوار و ذلیل کرے گا جنہوں نے انہیں تنہا چھوڑا اور ان کی مدد نہیں کی۔

10:15 | رام اللہ کے مغربی قصبے کفر نعمہ میں صہیونیوں نے فلسطینی جھنڈے اتار دیئے۔

10:00 | مغربی کنارے کے شہر جنین پر صہیونی فوج کا حملہ؛ فلسطینی مجاہدین کے ساتھ جھڑپیں۔

09:50 | اردن کے البقعہ کیمپ میں غزہ سے یکجہتی کی غرض سے فلسطینی مہاجرین کی وسیع پیمانے پر ہڑتال۔

09:07 | غزہ کے قریب صہیونی زمین چوروں کے قصبے نیریم پر مجاہدین کا میزائل حملہ۔

09:06 | قدس کے شمال میں بیت عنان کے مقام پر نسل پرستی کی حائل دیوار کے قریب صہیونیوں کی گولی سے ایک فلسطینی شہید۔

09:04 | غزہ کے علاقے تل الہواء میں مجاہدین اور صہیونی جارحوں کی شدید جھڑپیں۔

09:03 | غاصب صہیونیوں نے UNRWA سے وابستہ اسپتال کے ٹرانفارمر کو تباہ کر دیا، اسپتال میں آگ لگ گئی۔

08:51 | انڈنیشیا اسپتال کے سربراہ، اسپتال کی صورت حال کے بارے میں بات کرتے ہوئے رو پڑے اور کہا: میں اللہ کی بارگاہ میں عرب اور مسلم امت اور ظالم دنیا کی شکایت کرتا ہوں۔

08:45 | حزب اللہ نے البیاض کے فوجی اڈے میں ایک فوجی گاڑی کو تباہ کر دیا۔

08:31 | واشنگٹن پوسٹ نے غزہ میں غاصب صہیونی ریاست کے ہاتھوں عوام کے قتل عام پر بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان اختلافات کی جھوٹی افواہ کو کوریج دی ہے جس کا مقصد جنگ کے نتائج اور نسل کشی کے اثرات سے امریکی حکومت کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش ہے۔ کیونکہ امریکیوں کے عملی اقدامات ان افواہوں سے متصادم ہیں۔

08:26 | مغربی کنارے کے طولکرم کیمپ میں مجاہدین نے غاصبوں کی گاڑیوں پر گولی چلائی۔

08:22 | غزہ کے مغرب میں منطقۃ المیناء پر صہیونی کشتیوں کی گولہ باری۔

08:21 | خان یونس پر غاصب صہیونیوں کی بمباری سے 8 فلسطینی شہید۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔