غزہ میں آج صبح 71 فلسطینی شہید
فاران: آج صبح سے غزہ کی پٹی کے شمالی اور جنوبی علاقوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کے نتیجے میں 71 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی بین الاقوامی گروپ: فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی پر زمینی، سمندری اور فضا سے شدید بمباری کر رہی ہے۔
ان ذرائع کے مطابق اسرائیلی ٹینک آج صبح سے جنوبی غزہ کی پٹی میں واقع خان یونس کے مشرق میں عباسان اور خزاعہ کے علاقوں کی طرف بڑے پیمانے پر گولہ باری کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ آج صبح سے غزہ کی پٹی کے شمال اور جنوب میں فلسطینی شہداء کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔
الجزیرہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت کے جنگی طیاروں کی شمالی غزہ میں واقع بیت لاحیہ میں الدور خاندان کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب کر جانبحق، زخمی اور لاپتہ ہو گئے۔
الجزیرہ کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹر کی جانب سے رفح شہر کے شمال میں الزہور محلے میں پناہ گزینوں کے خیمے پر بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
اس قطری چینل نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر اسرائیلی فوج کے حالیہ حملوں کے دوران کئی خاندانوں کا مکمل قتل عام کیا گیا اور ان کا نام تاریخ سے مٹا دیا گیا۔
اتوار کی صبح سے اسرائیلی حکومت نے جنگ بندی معاہدے کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے عوام کے خلاف اپنے وحشیانہ حملے شروع کر دیے ہیں اور اب غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
تبصرہ کریں