غزہ پٹی میں صیہونی جرائم کی تعداد میں اضافہ

غزہ کی پٹی میں طبی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ "علاقے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50,810 تک پہنچ گئی ہے، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

فاران: غزہ کی پٹی میں طبی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ “علاقے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50,810 تک پہنچ گئی ہے، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

یہ اعداد و شمار 7 اکتوبر 2023 کو غزہ پر صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت کے آغاز کے بعد سے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

منگل کے روز فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (وفا) سے بات کرتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 688 تک پہنچ چکی ہے اور متاثرین کی ایک بڑی تعداد اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہے جس تک سیکیورٹی صورتحال اور بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث ریسکیو اور سول ڈیفنس فورسز پہنچنے سے قاصر ہیں۔

اطلاعات کے مطابق صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 58 افراد شہید اور 213 زخمی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ 18 مارچ کو قابض فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد سے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 1449 شہید اور 3647 نئے زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی طبی ذرائع نے متنبہ کیا ہے کہ “متاثرین کی اصل تعداد اعلان کردہ اعداد و شمار سے زیادہ ہوسکتی ہے، کیونکہ بہت سی لاشیں اب بھی بمباری سے تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے نیچے ہیں اور سڑکوں پر چھوڑ دی گئی ہیں اور امدادی ٹیمیں ان تک نہیں پہنچ سکتیں۔