فلسطینی قوم کے تحفظ میں کسی ٹال مٹول کی کوئی گنجائش نہیں: کویت

المنیخ نے کہا کہ فلسطینی قوم کے بنیادی اور دیرینہ حقوق کی کھلے عام پامالیاں جاری ہیں اور ان پامالیوں پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ لاپرواہی کے زمرےمیں آتی ہے۔

فاران؛ خلیجی ریاست کویت نے ارض فلسطین پر قابض اسرائیل کے تسلط کے مکمل خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کے حقوق کے تحفظ میں کسی ٹال مٹول اور سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔

اقوام متحدہ میں کویت کے مستقل مندوب بدر المنیح نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم کئی دہائیوں سے اپنے مسلمہ اور آئینی حقوق کےحصول کے لیے جدو جہد کررہی ہے مگر عالمی برادری فلسطینی قوم کو اس کے دیرینہ حقوق فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی قوم کو اس کے حق خود ارادیت سمیت تمام بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔

المنیخ نے کہا کہ فلسطینی قوم کے بنیادی اور دیرینہ حقوق کی کھلے عام پامالیاں جاری ہیں اور ان پامالیوں پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ لاپرواہی کے زمرےمیں آتی ہے۔ فلسطینی قوم کے حقوق پر خاموشی اختیار کرنے کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اس پر کوئی ٹال مٹول کی جاسکتی ہے۔

کویتی مندوب نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2334پر عمل درآمد کراتے ہوئے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کے لیے موثراقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔