ماہ صیام کا پہلا جمعہ، بیت المقدس اسرائیلی فوجی چھاؤنی میں تبدیل
فاران: ماہ صیام کے پہلے جمعۃ المبارک کو آج اسرائیلی قابض فوج نے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکنے کے لیے شہر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔
مسجد اقصیٰ کو ملانے والے تمام راستوں اورسڑکوں پر چپے چپے پر چوکیاں اور ناکے لگا کر فلسطینیوں کی جامہ تلاشی کا مذموم عمل شروع کیا گیا اور فلسطینی روزہ داروں کو تلاشی کی آڑمیں شناخت پریڈ کا نشانہ بنایا گیا۔
قابض فوج نے جمعہ کی نماز سے قبل پابندیوں اور رکاوٹوں کے لیے فوج کے تین ہزار اہلکار تعینات کیے تھے۔
دوسری جانب مسجد اقصیٰ میں نماز کے لیے غرب اردن اور اندرون فلسطین سے آنے والوں کو جگہ جگہ روکا گیا۔
اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باوجود بڑی تعداد میں فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب رہے۔
گذشتہ پیر کو قابض فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ مغربی کنارے کے نمازیوں کو رمضان کے پورے مہینے میں جمعے کے دن یروشلم میں داخل ہونے کی اجازت دے گی۔
اس موقعے پراسرائیلی فوج نے 50 سال سے کم عمر مردوں اور 55 سال سے کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روک دیا۔ اس دوران شہریوں کی جامہ تلاشی لی گئی اور جدید برقی مقناطیسی آلات کی مدد سے ان کی تلاشی لی گئی۔













تبصرہ کریں