مغربی کنارے پر صہیونی حملے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید

صہیونی فوجیوں نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں پر حملہ کیا اور ان کے اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

فاران: فارس بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صہیونی افواج نے آج پیر کی صبح مغربی کنارے کے کئی شہروں پر حملہ کیا اور ان کے اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔

رام اللہ میں صہیونی فورسز نے تین فلسطینی شہریوں کو بھی گرفتار کر لیا۔ انھوں نے رام اللہ کے جنوب میں حی الطیرہ میں بھی چھاپہ مار کر رہائی پانے والے قیدی اور جبہۃ الشعبیہ کے کارکن رامی فضائل کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔

فلسطینی الیوم ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ محلے میں درجنوں نوجوانوں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی اور اس کے علاوہ نابلس کے مغرب میں واقع العین کیمپ میں صہیونی فوج کے ساتھ جھڑپ میں دو نوجوان زخمی بھی ہوئے ۔

فلسطین کے مقامی ذرائع نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے العین کیمپ پر حملہ کیا اور ان کے اور فلسطینیوں کے درمیان مسلح اور پرتشدد تصادم ہوا اور صیہونی فوجی جیپ نے دو نوجوانوں کو کچل دیا۔

اسرائیلی قابض فوج نے العین کیمپ میں “کریم شاہین” نامی نوجوان کو اس کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔

فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق جنین میں قباطیہ نامی قصبے پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے دوران ایک 19 سالہ فلسطینی نوجوان “طاہر محمد زکارنہ” کو گولی مار کر شہید کر دیا۔