ملتان، آئی ایس او کے زیراہتمام ”یکجہتی فلسطین کانفرنس”سیاسی، مذہبی، سماجی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی شرکت
فاران تجزیاتی ویب سائٹ: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان ڈویژن کے زیراہتمام فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مقامی ہوٹل میں یکجہتی فلسطین کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور سول سوسائٹی کی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ مسجد اقصی تمام عالم اسلام کے لئے احترام و عقیدت کا مرکز ہے اور اس پر یہودیوں کا ناجائز قبضہ تمام عالم اسلام کے لئے باعث ننگ و عار ہے، مسجد اقصی کی آزادی کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مل کر حکومت وقت سے عالمی یوم القدس کو قومی سطح پر منانے کے لئے مطالبہ کرنا چاہیے، پاکستانی حکومت کو بیانات اور مذمت کی سیاست سے باہر نکل کر مسجد اقصی کی آزادی کے لئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما و ممبر متحدہ علماء بورڈ علامہ قاضی نادر حسین علوی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل نے پورے مشرق وسطی کو اپنے مفادات کی خاطر جنگ میں جھونک دیا ہے لیکن آج امریکہ و اسرائیل اور اس کے حواریوں کو ہر محاذ پر شکست ہو رہی ہے، گزشتہ سال حماس اور جہاد اسلامی کے ہاتھوں اسرائیلی فوجیوں کو پسپائی ھوئی، افغانستان میں امریکہ تاریخی جانی و مالی خسارے کے بعد وہاں سے نکلنے پر مجبور ہوا ہے، شام و عراق میں امریکہ اور اس کے تیار شدہ داعشی دھشگردوں کو عبرت ناک شکست ہوئی اور اب یمن میں بھی سعودی عرب جس کی پشت پناہی امریکہ کررہا ہے اسے مسلسل ہر محاذ پر ذلت کا سامنا ہے۔
ہائیکورٹ بار کے سابق نائب صدر یافث نوید ہاشمی کا کھنا تھا کہ فلسطینی عوام نے مزاحمت کے راستے کا انتخاب کیا ہے آخرین کامیابی فلسطینی عوام کا مقدر ہے اور حالیہ ماہ رمضان میں اسرائیلی فوجیوں کا مسجد اقصی میں نماز باجماعت کے حوالے سے رکاوٹیں پیدا کرنا اور فلسطینی نوجوانوں کو شہید کرنا اس بات کا ثبوت بے کہ اسرائیل پر اس وقت خوف و ہراس طاری ہے، امت مسلمہ کو آج سب سے زیادہ آپسی اتحاد کی ضرورت ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان راو محمد عارف رضوی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین مسلمانوں کی غیرت و حمیت کا مسئلہ ہے، فلسطینی عوام کی مظلومیت اور اسرائیلی درندوں کی بربریت آج پوری پوری دنیا پہ واضح ہے، لیکن اقوام متحدہ کے مسئلے پر مجرمانہ خاموشی باعث حیرت ہے۔ آج مسلم ممالک کے حکمرانوں کو متحد ہونا پڑے گا تاکہ فلسطینی عوام اپنا حق دوبارہ حاصل کرسکے۔
شیعہ علما کونسل کے مرکزی رہنما سید مصور نقوی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی دشمنی کا نظریہ پاکستان میں آئینی و دستوری حیثیت رکھتا ہے کیونکہ سب سے پہلے پاکستان نے قائداعظم کی قیادت میں فلسطین کی حمایت کا اعلان کیا اور اسرائیل سے اظہار لاتعلقی کیا، ہم پاکستان میں کسی کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ پاکستان کی سرزمین میں اسرائیل کے حوالے سے نرم گوشہ رکھے یا اس حوالے سے کوئی گھناونی سازش کا مرتکب ہو کیونکہ پاکستانی عوام کے دل فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
کانفرنس سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری شہریارحیدر، انچارج خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران ملتان خانم زاہدہ بخاری، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے سابق چیئرمین سجاد نقوی، پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے بابونفیس انصاری، ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل مولانا وسیم عباس معصومی، سنی اتحاد کونسل کے صوبائی رہنما قاری محمد افضل، پریس کلب ملتان کے سابق جنرل سیکرٹری مظہر جاوید سیال، فلسطین فائونڈیشن جنوبی پنجاب کے ترجمان ثقلین نقوی، عوامی ورکر پارٹی کے رہنما فرحت عباس، سائوتھ پنجاب ورکر فیڈریشن کے رہنما دلاور عباس صدیقی، اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما حسنین احمد، جمعیت علمائے اسلامی جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاری ایاز الحق قاسمی، مولانا اسرارالحق مجاہد، اور دیگر نے خطاب کیا کانفرنس آخر میں ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا اور دعائے وحدت سے کانفرس کا اختتام کیا گیا۔













تبصرہ کریں