پوری دنیا کے مسلمانوں کو صہیونی قوتوں کیخلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر ابوالخیر زبیر
فاران؛ چیئرمین متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے کہا کہ اسلامو فوبیا اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا، صہیونی قوتیں شروع دن سے دین اسلام کے فروغ میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں مگر ہر بار انہیں ناکامی کا ہی سامنا کرنا پڑا ہے، اب پھر اسلام دشمن مسلمانوں کیخلاف اکٹھی ہوکر انہیں نقصان پہنچانے کی سازشیں کررہی ہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے دشمنوں کا مقابلہ کیا جائے، تاکہ یہ اپنے ناپاک مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں، سانحہ سیالکوٹ کے بعد تلمبہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے کیونکہ اسلام تو امن پسندی، رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے، شرپسندی کے مرتکب افراد کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان خیالات کا اُنہوں نے مدنی ہاوس ملتان میں مرکزی صدر جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) وملی یکجہتی کونسل ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر الازہری الوری کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر الازہری الوری نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان جب تک ایک پلیٹ فارم جمع نہیں ہوجاتے تب تک اسلام دشمن قوتیں اسی طرح شرانگیزی کی مرتکب ہوکر اسلامی تشخص کو نقصان پہنچاتی رہیں گی، اس امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اپنے تمام تر فرضی اختلافات کو ترک کرتے ہوئے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ تو دنیا کا واحد دین ہے جس میں بلا رنگ و نسل نہ صرف تمام انسانوں کے حقوق متعین کئے گئے ہیں بلکہ آزادی اظہار رائے کا بھی حق دیا مگر اس کے باوجود مغرب اسلام کے خلاف پروپیگنڈے سے باز نہیں آتا۔
تبصرہ کریں