یہودی تھنک ٹینک آئی این ایس ایس (INSS) کا تعارف
فاران؛ ادارہ “قومی سلامتی کے مطالعات” نے سنہ 1977ع میں تل ابیب یونیورسٹی کے ایک حصے کے طور پر اپنے کام کا آغاز کیا۔ یہ ادارہ بعنوان “مرکز برائے تزویراتی مطالعات” (Center for Strategic Studies) سنہ 1994ع تک جنرل آہارون یاریو (Aharon Yariv) کی سربراہی میں سرگرم عمل رہا۔ (1) اکتوبر سنہ 1973ع کی عربوں کے ساتھ یہودی ریاست کی جنگ میں اس صہیونی جرنیل نے ایک مصری کمانڈر جنرل عبدالغنی الجمسی کو غداری پر آمادہ کیا اور اس نے جنگ سے علیحدگی اختیار کرلی۔
اس تھنک ٹینک نے سنہ 2006ع میں اپنا نام بدل دیا اور “ادارہ برائے مطالعات قومی سلامتی” (Institute of National Security Service) کہلایا۔ سنہ 2018ع میں پنسلوانیا یونیورسٹی (University of Pennsylvania) نے اس تھنک ٹینک کو مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کے اداروں میں دوسرے نمبر کا بہترین مطالعاتی ادارہ قرار دیا۔ اس یونیورسٹی کی درجہ بندی کے مطابق، یہ صہیونی ادارہ ان عالمی تحقیقی اداروں میں چودہویں نمبر پر ہے جو سلامتی اور عسکری امور پر تحقیق کرتے ہیں۔ (2)
آئی این ایس ایس INSS تھنک ٹینک
ادارہ “آئی این ایس ایس” سلامتی، دہشت گردی اور عسکری امور پر متعدد مقالات اور کتابیں انگریزی اور عبرانی زبانوں میں شائع کرتا ہے۔ ان میں ہی میں سے ایک اہم تحقیقی مقالہ ایران کے میزائل سسٹم کے بارے میں ہے جس کا عنوان “ایران کا میزائل سسٹم: بنیادی تسدیدی اوزار” (Iran’s Missile System: The Principal Means of Deterrence) ہے۔ (3)
سنہ 2011ع سے اس تحقیقی ادارے کا ڈائریکٹر جنرل عاموس یادلین (Amos Yadlin) ہے۔ یادلین اس سے پہلے 40 سال کے عرصے تک صہیونی ریاست کے مختلف فوجی شعبوں میں سرگرم عمل رہا ہے۔ یہ شخص سنہ 2006ع سے سنہ 2010ع تک صہیونی افواج کے انٹیلی جنس ادارے کا سربراہ تھا۔ (4)
اس ادارے کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا سربراہ پنچاس کوہن (Pinchas (Pini) Cohen) ہے جو تل ابیب یونیورسٹی سے صنعتی انتظام (Industrial Management) کے شعبے میں گریجویشن کرچکا ہے اور ہرتزلیا شہر کا رہائشی ہے۔ (5)
سنہ 1930ع کا پیدائشی فرانک لووی (Frank Lowy) اس تھنک ٹینک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا سربراہ ہے جو آسٹریلوی نژاد یہودی اور ویسٹ فیلڈ (Westfield) کمپنی کا بانی ہے۔ اس کمپنی نے برازیل، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، برطانیہ اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں 103 شاپنگ سینٹرز قائم کئے ہوئے ہیں اور یوں وہ عالمی سطح پر بڑے شاپنگ سنیٹرز مالکین کے زمرے میں آتا ہے۔ ویسٹ فیلڈ کا سیال (یا ورکنگ) سرمایہ 63 ارب آسٹریلوی ڈالر سے زیادہ ہے۔
اس ادارے میں ایران ڈیسک کی سینئر محقق مسز سیما شین (Sima Shine) ہے جو اس سے پہلے سنہ 2003ع سے سنہ 2007ع تک بدنام زمانہ اسرائیلی جاسوسی ادارے موساد کے تحقیقاتی شعبے کی سربراہ تھی۔ (6)
۔۔۔۔۔۔
یونیورسٹی کی ویب گاہ: https://www.inss.org.il
مذکورہ تھنک ٹینک کا ٹویٹر اکاؤنٹ: https://twitter.com/inssisrael
تھنک ٹینک کا فیس بک اکاؤنٹ: https://www.facebook.com/INSS.IL/
تھنک ٹینک کا یوٹیوب اکاؤنٹ: https://www.youtube.com/user/INSSIsrael
مآخذ:
1. http://khbn.ir/dy2
2. http://khbn.ir/18gxS
3. http://khbn.ir/wFqe
4. http://khbn.ir/X0ccsUK
5. http://khbn.ir/XMiue
6. http://khbn.ir/D6uf8H
تحقیق: ارسلان رفیعیان
ترجمہ: ابو اسد
تبصرہ کریں